Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ : پاکستان نے افتتاحی میچ باآسانی جیت لیا

 
دبئی:ایشیا کپ میں پاکستان نے افتتاحی میچ باآسانی 8وکٹوں سے جیت لیا۔ پہلی بار ایشیا کپ میں شامل ہونے والے ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 37.1اوورز میں 116رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی۔ ہانگ کانگ کیلئے یہ اعزاز ہے کہ ایشیا کپ کیلئے 6کوالیفائنگ ممالک میں سے اسے یہ ایشیا کپ کھیلنے کا موقع میسر آیا۔ ہانگ کانگ نے کوالیفائنگ راونڈ کے فائنل میں ایشیا کپ کے میزبان ملک متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو ہرایا تھا۔ ہانگ کانگ کے کپتان انوشے راتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ابتدائی 5کھلاڑی صرف44رنز پر ہی آوٹ ہوگئے۔اوپنر نزاکت خان نے 13جبکہ انوشے راتھ نے 19رنز بنائے۔بابر حیات 7رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔7کھلاڑی ڈبل فگر میں نہیں پہنچ سکے۔مقررہ 50اوورز کے اس میچ میں 3کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے۔کے ڈی شاہ نے 26رنز بنائے ، اعزاز خان کو27رنز پر عثمان خان نے کلین بولڈ کر دیا۔ پاکستانی بولرز نے 4وائڈ کے علاوہ کوئی فاضل اسکور نہیں بننے دیا۔ عثمان خان نے 19رنز دیکر 3وکٹیں حاصل کیں،عثمان خان کو شاندار بولنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ حسن علی اور شاداب خان نے 2،2اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد عامر کے حصے میں کوئی وکٹ نہ آئی۔ آسان ہدف کے حصول کیلئے فخر زمان نے امام الحق کے ساتھ مل کر اننگز کا آغاز کیا ۔41کے مجموعی اسکور پر فخرزمان 24رنز بنا کر احسان خان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ان کے بعد بابر اعظم وکٹ پر آئے انہیں ون ڈے کیریئر میں 2ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 27رنز کی ضرورت تھی جس کے لئے انہوں نے محتاط انداز میں کھیلنا شروع کیا اور امام الحق کے ساتھ مل کر 33رنز بنائے اور 2ہزار رنز مکمل کر کے ون ڈے کیریئر میں ایک اور سنگ میل عبور کیا۔ بابر اعظم کو بھی احسان خان نے وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرادیا۔ بابراعظم کے آوٹ ہونے کے بعد شعیب ملک کریز پر آئے تو جیت کیلئے 24رنز درکار تھے۔امام الحق نصف سنچری کی جانب گامزن تھے۔ شعیب نے امام الحق کا ساتھ دیتے ہوئے ان کو بیٹنگ کا زیادہ موقع دیا۔پاکستان نے 23.4اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔امام الحق نے 50رنز ناٹ آوٹ بنائے ، شعیب ملک 9رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں

شیئر: