ایشین چیمپیئنز ٹرافی : پاکستان ہاکی ٹیم مسقط جائیگی
لاہور: ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی عدم شرکت کا خطرہ ٹل گیا اور پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مسقط میں ٹیم کیلئے ہوٹل بک کروا دیا ہے۔ آئندہ ماہ عمان کے دارالحکومت مسقط میں شیڈول ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی شرکت خطرات سے دوچار ہو گئی تھی کیونکہ مالی مشکلات کا شکار پی ایچ ایف کو کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلئے رہائش کے انتظامات میں مشکلات کا سامنا تھا۔ اب فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کیلئے رہائش کا انتظام کرتے ہوئے ہوٹل بک کروادیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہوٹل بکنگ کی ڈیڈ لائن کے آخری روز یہ اقدام کیا جس کے بعد ایشین ہاکی فیڈریشن کو بھی پاکستانی ٹیم کی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت سے باضابطہ آگاہ کردیا گیاہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی 18 رکنی ٹیم ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرے گی۔ قومی ا سکواڈ میں سینیئر کے ساتھ جونیئر کھلاڑیوں کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینیئر نے بتایا کہ کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کا اعلان بھی جلدکر دیا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں