بیرون ملک کرنسی لے جانے کی حد کم کرنے پر غور
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے بیرون ملک سفر کے لیے نقد رقم کی حد 10 ہزار ڈالر سے کم کرکے 3 ہزار ڈالر کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کی روک تھام کے اقدامات کے تحت بیرون ملک سفر کے لیے نقدرقم کی موجودہ حد کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ کسٹمز کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ بیرون ملک جانے والے افرادکے فی دورہ اپنے ساتھ 10 ہزار ڈالر تک نقد رقم لے جانے کی مقررہ حد پرنظر ثانی کی جائے اور مسافروں کو3 ہزار ڈالر تک کرنسی ساتھ رکھنے کی اجازت دی جائے ۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے بیرون ملک سفر کے لیے 10 ہزار ڈالرفی دورہ کے حساب سے غیر ملکی کرنسی لے جانے کی اجازت ہے اوراس مد میں ایک مسافر سالانہ زیادہ سے زیادہ 60ہزار ڈالرتک کرنسی پاس رکھ سکتا ہے۔