ہانگ کانگ نے ہند کو ناکوں چنے چبوادیے
ہانگ کانگ جو کہ ابھی انٹرنیشنل کرکٹ میں نووارد ہے، اُس نے انڈیا کے خلاف ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں اپنے سے کہیں طاقتور حریف کو ناکوں چنے چبوادیے۔ ایک اچھی وکٹ پر بیٹنگ کرتے ہوئے اوپننگ کھلاڑی کپتان انشومان راٹھ اور نزاکت نے بہترین کھیل پیش کیا۔ ایسا لگتا تھا جیسے ہندوستان کے کپتان روہت شرما کے ہاتھوں سے طوطے اُڑ گئے ہوں۔ 173 کی ریکارڈ پارٹنرشپ کوئی معمولی بات نہ تھی۔ انڈین کھلاڑی پریشان نظر آرہے تھے۔ انڈیا کی ٹیم نے بھی اچھی بیٹنگ کی، ویرات کوہلی کی غیر حاضری کے باوجود شیکھر دھون نے شاندار سنچری بنائی لیکن یہ کوئی نئی بات نہ تھی۔ وہ اس سے قبل بھی کئی اچھی اننگز کھیل چکے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ پچھلے سال چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر نے تیز ترین باﺅلنگ کرکے ویرات کوہلی، روہت شرما اور شیکھر دھون کی وکٹیں صرف دس رنز میں اُڑا دیں اور پاکستان ٹرافی جیت گیا۔ ہندنے اپنی اننگز میں 285 رنز بنائے، لیکن جواباً ہانگ کانگ نے اپنی حریف کو جس کا شمار دُنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے، کے دانت کھٹے کرد یئے۔ اوپنرز کے آﺅٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر، پہلے کی طرح ایک بار پھر فیل ہوگیا اور انڈین بولرز جو پہلے مایوسی کا شکار نظر آتے تھے، میچ اپنے حق میں کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ پھر بھی ہانگ کانگ کی ٹیم صرف 26 رنز سے ہاری، ایک نئی ٹیم ہے جو پہلی بار اتنا بڑا ٹورنامنٹ کھیل رہی تھی، کے لیے اعزاز تھا۔ہندوستان کی فیلڈنگ میں کئی کمزوریاں نظر آئیں، کیچ بھی چُھوٹے، لیکن روہت شرما کے ہوتے ہوئے بھی تجربہ کار کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی، جس نے دوسری دفعہ ورلڈکپ انڈیا کو جتوایا تھا، وکٹ کے پیچھے سے اصل کپتانی کررہا تھا۔ اس کی وجہ سے انڈین پلیئرز کو کافی مدد ملی، اُن کی ہمت افزائی ہوئی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں