عسیر..... ریجنل پولیس نے اے ٹی ایم چرانے والے گروہ کوگرفتار کر لیا ۔ ملزمان نجران کمشنری میں ہائی وے پر نصب نجی بینک کی اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے اڑے تھے۔ سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عسیر ریجن کے پولیس ترجمان میجر زید الدباش نے بتایاکہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ چند نامعلوم افراد نجران کمشنری میں ظہران الجنوب شاہراہ پر واقع پیٹرول پمپ کے باہر نصب نجی بینک کی اے ٹی ایم اکھاڑ کرلے گئے ہیں ۔ ملزمان نے اے ٹی ایم اکھاڑی اور ٹرک پر لوڈ کر کے لے گئے تھے ۔ پولیس کو ٹرک کا نمبر مل گیا جس سے ملزمان کو ٹریس کر لیا گیا ۔میجر الدباش نے مزید بتایا کہ پولیس ٹیموں نے جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا کر ٹرک اور مسروقہ اے ٹی ایم برآمد کر لی ۔ ملزمان سے وہ آلات بھی برآمد ہو گئے جو انہوں نے اے ٹی ایم اکھاڑنے کےلئے استعمال کئے تھے ۔ پولیس نے ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے گروہ کو پراسیکیوشن جنرل کے حوالے کر دیا جہاں انکا چالان مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیاجائے گا ۔