قومی صفائی مہم شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد... وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال سمیت کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان 18ویں ترمیم کے بعد تقسیم شدہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ وفاق صوبوں کو عملی طور پر خود مختار بنانا چاہتا ہے۔ وزیر اعظم نے وزرائے اعلی کو یقین دہانی کرائی کہ وفاق تمام اہم قومی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گا ۔وفاقی و صوبائی حکومتوں میں مضبوط رابطوں اور ہم آہنگی سے ملک ترقی کرےگا۔انہوں نے کہاکہ صوبوں کو مزید خود مختار بنانا چاہتے ہیں۔صوبوں کی ترقی کے لئے انقلابی پروگرام رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وسائل کی شفاف تقسیم اور اس کی نچلی سطح تک منتقلی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ملکی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔ وزیراعظم نے وزرائے اعلی کو مقامی حکومتوں کے نئے نظام اور جامع اصلاحات کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا۔ اجلاس میںملک بھر میں قومی صفائی مہم شروع کرنے کا اتفاق کیا گیا ۔ صفائی مہم کے لئے وزارت صوبائی رابطہ امور کی تجویز منظور کرلی گئی۔صفائی کانظام مستقل بنیادوں پرجاری رکھنے کے لئے صوبوں کو انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔