اسد عمر کو پریشانیوں کا سامنا
کراچی (صلاح الدین حیدر )تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو 100دن کے اندر صحیح راستے پر ڈالنے کا وعدہ کیا تھا مالی مشکلات اس قدر شدید ہیں کہ خود وزیر اعظم اور وزیر خزانہ دونوں ہی مشکلات میں30 دن میں ہی پریشان نظر آنے لگے ہیں۔حکومتی ساکھ متاثر ہونے لگی ہے ۔ اسد عمر لاکھ توجیہات پیش کریں۔ لوگوں کی تسلی ہوتی نظر نہیں آتی بلکہ اب تو ٹیلی وژن پر مبصرین اور اخبارات کے کالم نگاروں نے تنقید شروع کردی ہے کہ اگر عمران نے پہلے سے معاملات کا بغور جائزہ لیا ہوتا تو آج مسائل کو سمجھنے میں آسانی ہوتی۔ مغربی ممالک میںتو شیڈو کابینہ بنی ہوتی ہے، جو مسائل کو سمجھنے اور حل تلاش کرنے میں مصروف عمل رہتی ہےں۔ پاکستان میں ابھی تک یہ ریت نہیں پڑی۔عمران بذات خود تو بہت زیادہ مصروف عمل نظر آتے ہیں۔ انکی ٹیم یاکابینہ کے ممبران قوم کی توقعات کے معیار پر ابھی تک پورے نہیں اترے، گیس کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔ اب بجلی 2 روپے فی یونٹ بڑھائی جارہی ہے۔ پٹرول کا بم بھی گرایا جانے والا ہے۔ تاجر برادری اور کاروباری حلقے بھی شکوہ کنا ں ہیں۔روپیہ ویسے ہی ڈالر کے مقابلے میں بہت زیادہ گر چکا ہے۔