ایشیا کپ :پاکستان اور بنگلہ دیش"سیمی فائنل" کھیلیں گے
ابوظبی: ایشیا کرکٹ کپ کے سپر4 مرحلے کا آخری اور اہم ترین میچ بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین ابوظبی میں آج ہو گا ۔ جیتنے والی ٹیم فائنل کھیلے گی۔ اس لئے یہ میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے ۔ پاکستان ٹیم نے گروپ مرحلے کے دوران ہانگ کانگ اور افغانستان کو ہرایا لیکن روایتی حریف ہندکے خلاف مایوس کن کارکردگی دکھائی اور ہندنے بڑے مارجن سے میچ اپنے نام کیا ۔سپر 4 مرحلے میں ایک مرتبہ پھر دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا اور نتیجہ پاکستانی ٹیم کی ایک اور بڑی شکست کی صورت میں سامنے آ یا اور ہند فائنل میں پہنچ گیا ۔ دوسری جانب گروپ میچ میں افغانستان سے 136رنز سے ہارنے کے بعد سپر 4 مرحلے کے میچ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے میں3رنزسے شکست دے کر بنگلہ دیش ٹیم نے بھی فائنل تک رسائی کی امید برقرار رکھی ہے۔سپر فور مرحلے میں ہندوستانی ٹیم پہلے ، پاکستان دوسرے اور بنگلہ دیش تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستانی ٹیم کیلئے یہ میچ اس لئے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کہ مسلسل ناکامیوں کے باعث دباو سے پیچھا چھڑانے کیلئے کامیابی ضروری ہے جبکہ فائنل میں ہند سے کھیلنے کا موقع بھی مل سکے گا اور 2میچوں میں مسلسل شکست کا بدلہ بھی لیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب اس میچ میں جیت بنگلہ دیش کو اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا دے گی اور وہ بھی چیمپیئن بننے کی کوشش کر سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ہر شعبے میں 100فیصدکارکردگی دکھانا ہوگی۔ہندوستان ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم کے طور پر فائنل میں ہے اور اپنی کامیابیوں کے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں