پرس چوری ہوجانے پر 86سالہ بڑی بی پر دل کا دورہ
لندن .... لیسٹر شائر کے ڈاک خانے میں لٹیرا جوڑا ایک 86سالہ بڑی بی کا پرس لیکر بھاگ گیا اور جب خاتون کو اپنا پرس چوری ہونے کا احساس ہوا تو انہوں نے چیخنا چلانا شروع کردیا مگر اس وقت تک یہ جوڑا ڈاکخانے کے دروازے سے باہر آچکا تھا اور عینی شاہدین کے مطابق دروازے پر ایک کار پہلے سے موجود تھی جس میں وہ بیٹھے اور فرار ہوگئے۔ پوسٹ آفس میں لگے ہوئے خفیہ کیمروں نے جو تصاویر محفوظ کی ہیں ان میں صاف دیکھا جاسکتاہے کہ ایک خاتون ، بڑی بی کے پیچھے دبے قدموں آتی ہے اور اسکا ساتھی اس کے پیچھے موجود ہے۔ پھر جب بڑی بی سے انکاپرس چھین لیا جاتا ہے تو بڑی بی کو اپنا پرس غائب ہونے کا احساس ہوتا ہے اور پھر وہ چیخنے چلانے لگتی ہیں مگر اس وقت تک چور جوڑا فرار ہونے میں کامیاب ہوچکا تھا۔ یہ تو معلوم نہیں ہوسکا کہ پرس کتنا قیمتی تھا مگر عمر کی اس منزل پر ہر چیز گرانقدر لگنے لگتی ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ بڑی بی نے پرس چلے جانے کا اتنا غم کیا کہ ان پر دل کا دورہ پڑا اور پھر انہیں اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں تقریباً ایک ہفتہ زیر علاج رہنے کے بعد انہیں فارغ کردیا گیا۔ لیسٹر شائر پولیس نے پورے واقعہ کی وڈیو پبلک کردی ہے اور لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر وہ اس واقعہ میں ملوث چور جوڑے کے بارے میں کچھ بھی جانتے ہوں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ انکی تما م اطلاعات کو خفیہ رکھا جائیگا اور انکے نام بھی ظاہر نہیں کئے جائیں گے۔ وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ خاتون نے اپنا پرس سائڈ بیگ میں رکھا ہوا تھا۔ چور جوڑے میں شامل مرد کچھ اس انداز سے واردات میں شامل تھا کہ اس نے اپنی ساتھی کو بڑی بی کے پیچھے لگایا اور خود تہنیتی کارڈز وغیرہ کے اسٹال پر کارڈ دیکھنے لگا جیسے اس کا پورے واقعہ سے کوئی تعلق نہ ہو۔ خاتون ساتھی کا اشارہ ملتے ہی مرد چور بڑی تیزی سے باہر نکل گیا۔ پولیس نے صرف اتنا امکان ظاہر کیا ہے کہ چور جوڑا ویسٹ مڈلینڈ کے علاقے کا رہنے والا ہوگا۔ برمنگھم پولیس نے ایک 23سالہ نوجوان کو اس سلسلے میں حراست میں بھی لیا تھا جسے بعد میں چھوڑ دیا گیا تاہم اس کے خلاف چھان بین اب بھی جاری ہے۔
رائے دیں، تبصرہ کریں