سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”الریاض“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
جی ہاں ہمیں وطن عزیز پر فخر ہے۔ ہمارا وطن مینارہ نور بن چکا ہے جس کی طرف لوگوں کی نظریں اٹھی ہوئی ہیں۔ سعودی عرب نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی نظیر مشرق وسطیٰ ہی نہیں عالمی سطح پر بھی کم ہی کم نظر آتی ہے۔ ہمارے وطن کی خیر پسندی کا دائرہ فرزندان وطن تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیا اسکی نعمتوں سے فیض یاب ہورہی ہے۔سعودیوں کی خدمات پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہیں۔ یہ بین الاقوامی عہدیداروں کا اعتراف ہے جنہوں نے کسی چاپلوسی کے بغیر مملکت کے حق میں اپنی شہادت قلمبند کرائی ہے۔ انہوں نے وہی کہا جو دیکھا اور جانا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کے قائدانہ کردار کا تذکرہ احساس شکر کےساتھ کیا۔ سعود ی عرب جب سے اپنے بانی شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے ہاتھوں قائم ہوا ہے تب سے ہی وطن کی سربلندی ، امن و سلامتی اور خوشحالی کیلئے ترقیاتی ضوابط راسخ کرنے کیلئے برق رفتاری سے کام لے رہا ہے۔ پورا ملک تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو روبعمل لانے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔
سعودی عرب ایسا ملک ہے جسکا عالمی سطح پر سیاسی اور اقتصادی وزن ہے۔ اسکے متوازن موقف اپنے آپ کو منوا رہے ہیں۔ سعودی عرب کی حکیمانہ پالیسی نے اسے بین الاقوامی فیصلہ سازو ںکے یہاں کلیدی حیثیت دیدی ہے۔ ہمارا پہلا فخر اور پہلا اعزاز حرمین شریفین اور انکے زائرین کی خدمت ہے۔ حرمین ایکسپریس ٹرین کا افتتاح اس کا تازہ ترین روشن ثبوت ہے۔