گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کے وارنٹ
راولپنڈی: قومی احتساب بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمن کے ویئرہاﺅس سے برآمد ہونے والی گاڑیوں کے کیس میں متعلقہ افسر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کسٹم عدالت نے 20 ’نان کسٹم پیڈ گاڑیوں‘ کے کیس میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر وقار حسین کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کراچی وقار حسین کے وارنٹ قیمتی نان کسٹم پیڈ قطری گاڑیوں سمیت 300 گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کرنے پر جاری کئے ہیں۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر وقار حسین پر الزام ہے کہ انہوں نے کراچی میں پوسٹنگ کے دوران لینڈ کروزر، پراڈو، بی ایم ڈبلیو، مارک ایکس، ٹویوٹا سرف اور ڈبل کیبن گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کر کے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ تفتیشی ٹیم نے عدالت کو بتایا گیا کہ ایکسائز آفیسر وقار حسین اس وقت حیدرآباد میں تعینات ہیں جس پر عدالت نے کسٹم آفیسر کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ ایکسائز آفیسر وقار حسین سندھ حکومت کی ایک اہم شخصیت کا دست راست ہے اور تمام قیمتی گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں ہی کی گئیں۔