Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہار: ڈاکٹر کے بیٹے کا قتل ، اغوا کا بازار گرم

پٹنہ۔۔۔۔ ہومیوپیتھ ڈاکٹر ششی بھوشن کے بیٹے شیوم کی لاش پٹنہ کے آر پی ایس موڑ پر انجینیئرنگ کالج کے پاس سے برآمد ہوئی ہے۔شیوم کو دھار دار آلے سے قتل کردیا گیا۔ لاش برآمد ہونے کے بعد بہار پولیس کے ہوش اڑ گئے ۔پٹنہ کے سینیئر پولیس افسران اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ سے کچھ بھی کہنے سے گریز کر رہے ہیں لیکن جس طرح سے ریاست کی راجدھانی پٹنہ میں ایک ڈاکٹر کے بیٹے کا اغوا اور پھر قتل کیا گیا ہے ،اس سے اتنا تو ظاہر ہو گیا ہے کہ قانون و انتظامیہ کی حالت ابتر ہے۔اغوا کے دوسرے واقعہ سے متعلق بتایا جاتا ہے کہ کسار گرامین بینک کے منیجر جے وردھن کمار بینک سے ڈیوٹی کرنے کے بعد گھرجارہے تھے کہ بدمعاشوں نے انہیں اغوا کر لیا۔ گھر والوں کے بار بار فون کرنے پر جے وردھن سے رابطہ نہ ہو سکا تو انہوں نے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی۔ اس پورے معاملے میں پولیس انتظامیہ کی لاپروائی اور نتیش حکومت میں جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ جنگل راج کا راگ الاپنے والوں کا اس آتنک راج میں اب کلیجہ نہیں پھٹے گا کیونکہ نتیش سرکار کی لگام بی جے پی کے ہاتھوں میں ہے۔ ان کے قریبی لوگ اور رشتہ دار جرائم پیشہ حکومت کی حفاظت میں راضی و خوش ہیں۔ اس ٹوئٹ کے ساتھ انھوں نے شیوم کے اغوا ہونے کی خبر کو ٹیگ کیا ہے۔دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمارکومخاطب کرتے ہوئے تحریر کیا کہ نتیش جی!شرم نہیں تو کارروائی تو کیجیے۔ زیادتی، اغوا، قتل، لوٹ، کمیشن وصولی، مینڈیٹ کی ہتک، بے عزتی... اب بھی کچھ باقی رہ گیا ہے کیا؟ کم از کم آنکھوں کا پانی تو مت سکھائیے…۔
مزید پڑھیں:- - - - -نقاب پہن کر اسپتال میں داخل ہونیوالا پولیس افسر معطل

شیئر: