سی این جی، گھریلو گیس سلنڈر، پٹرول،ڈیزل اب عام آدمی کے بجٹ سے باہر
نئی دہلی۔۔۔۔تیل کی مہنگائی کے بعد آج پیر سے گیس کی قیمتیں زیادہ ادا کرنی ہوں گی۔ سرکاری کمپنی اندرپرستھ گیس لمیٹڈ نے گاڑیوں میں استعمال ہونے والی گیس سی این جی اوررسوئی گیس پی این جی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ دہلی میں سی این جی گیس کی قیمتوں میں ایک روپیہ70پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا اور پی این جی کی قیمت ایک روپیہ 30پیسے فی کلو بڑھا دی گئی۔نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی کی قیمتوں میں ایک روپیہ 95پیسے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وہیں پی این جی میں ایک روپیہ50پیسے فی کلواضافہ کردیا گیا۔ انڈین آئل کارپوریشن نے اتوار کو دہلی میں سبسڈی والے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں2روپے 89پیسہ اضافہ کردیا۔دہلی میں بغیر سبسڈ ی والا ایل پی جی سلنڈ ر 59 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ اضافی نرخ کا نفاذآج یکم اکتوبر سے ہوا۔انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق اکتوبر 2018 میں صارفین کے اکاؤنٹ میں گیس سبسڈی اب 376روپے60پیسے فی سلنڈر ہو جائیگی، جو ستمبر 2018 میں 320 روپے 49پیسے فی سلنڈر تھی۔پٹرول،ڈیزل کے نرخ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ پیر کی صبح دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 24 پیسے فی لٹراضافہ کے بعد 83 روپے 73 پیسے ہوگئی۔ وہیں ڈیزل کی قیمت میں بھی 30 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا۔ اب دہلی میں ایک لٹر ڈیزل کیلئے 75 روپے 9 پیسے ادا کرنے ہونگے۔ممبئی میں فی لٹرپٹرول کی قیمت 91 روپے8پیسے اور ڈیزل 79روپے72پیسے ہوگئی۔