Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ جدہ میں یوم الوطنی کی تقریب

طلباء نے عربی، انگلش اور اردومیں تقریریں اور ملی نغمے پیش کئے، تقریب کے انعقاد پر پرنسپل کا اظہار تشکر
    جدہ:پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ جدہ میں پرنسپل اسکول عتیق الرحمن، کوآرڈینیٹر محمد خلیل اور عبدالعلیم عامر کی سرپرستی میں یوم الوطنی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ نظامت کے فرائض مشتاق ملک نے انجام دیئے۔ تعارفی تقریر میں انہوں نے عزت مآب عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ سرزمین حرمین کیلئے سعودی فرمانروائوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے سرخیل محمد خلیل او رعبدالعلیم عامر نے پروگرام کی تیاری میں بھرپور کردارادا کیا۔ انکی شبانہ روز محنت کی بدولت پروگرام کو چار چاند لگ گئے۔
    پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہونہار طالب علم ولید مسرور کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ گلہائے عقیدت بحضور سرور کونین عبدالرحمن قریشی نے پیش کیا۔ اردو تقاریر میں برہان امجد اور معاذ عاصم نے اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔ بلادی عربی ملی نغمہ  شرجیل اسلم ، طلباء اور محب الرحمن نے پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ عربی تقریر کبیر یوسف نے پیش کی اور خوب داد وصول کی۔ دسویں جماعت کے طالب علم یاسر دلاور نے سرزمین سعودی عرب پرمنظوم عقیدت و محبت کے پھول پیش کئے۔ انگریزی تقاریر میں ننھے منے طلباء عبدالرحمن اور محمد بلال شعیب نے اپنے بھرپور جذبات کا اظہار کیا تو جلسہ گاہ میں موجود سامعین دم بخود رہ گئے۔ عربی زبان میں ولید مسرور اور کبیر یوسف نے ملی نغمہ پیش کرکے لوگوں کو جھوم اٹھنے پر مجبور کردیا۔
    پرنسپل عتیق الرحمن نے اپنی تقریر میں طلباء کو خوب داد دی۔ عبدالعلیم عامر ، محمد خلیل کوآرڈینیٹرز اور پروگرام کی تیاری میں اہم کردارادا کرنے والے اساتذہ حافظ عبید الرحمن اور مشتاق ملک کی کاوشوں کو سراہا۔ سعودی عرب کے بہن بھائیوں کو یوم الوطنی کی مبارکباد پیش کی۔ سعودی حکمرانوں کی پاکستان کیلئے جذبات کو سراہا کہ ہرآڑے وقت میں سعودی عرب کی عوام اور حکمرانوں نے پاکستان کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھے۔ پاکستان کی آزادی سے لیکر ہر مشکل وقت میں سعودی عرب نے پاکستان کی دل کھول کر مدد کی۔ 1965ء کی جنگ ہویا کارگل کا محاذ، زلزلے کی تباہ کاریاں ہوں یا پھر سیلاب کی آفت ہر جگہ سعودی بھائیوں نے پاکستان کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھا اور آج کے اس پرمسرت موقع پر عہدکیا کہ اس سرزمین مقدس کیلئے اگر ہمیں اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کرنا پڑے تو بحیثیت پاکستانی ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ اس دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا کہ ’’اے سرزمین حرم! تو سلامت رہے تا قیامت رہے‘‘۔
     اسکے بعد 6ستمبر یوم دفاع کی تقریب میں شریک بچوں میں تعریفی اسناد پرنسپل اور محمد خلیل و عبدالعلیم عامر نے تقسیم کیں۔ آخر میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے پیش کئے گئے اور یوں یہ پُروقار اور عالیشان تقریب اختتام کو پہنچی۔
مزید پڑھیں:- - - -مملکت میں مقیم انڈین انجینیئرز وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کریں ، احمد جاوید
 

شیئر: