Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اچھے دوست بنا کر جا رہا ہوں جو ہمیشہ میرے قریب رہیں گے، بریگیڈئیر شاہد منظور

 دعا ہے کہ وہ جہاں رہیں کامیابیاں ان کے ہم دوش ہو ں، پاکستانی ملٹر ی اتاشی کے اعزاز میں مبشر انور کی الوداعی تقریب سے شرکاء کا اظہار خیال
 
ذکاء اللہ محسن  ۔ ریاض
    اردو نیوز کے معروف کالم نگار مبشر انوار کی جانب سے سفارتخانہ پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں سفارتخانہ پاکستان کے دیگر افسران کے علاوہ ادبی،سیاسی،مذہبی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور بریگیڈیئر شاہد منظور کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر شاہد منظور نے بڑا عرصہ سعودی عرب میں گزارا ۔انہوں نے کمال بھائی چارے کے ساتھ کمیونٹی ممبران کے ساتھ ساتھ سفارتی عملے کو بھی اپنا گرویدہ بنائے رکھا ۔ انہوں نے جس طرح پاک سعودی عسکری تعلقات کو فروغ دیا وہ بھی لائق تحسین ہے۔ ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر شاہد منظور کی شخصیت میں خداترسی کا عنصر بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔ ان کی ہمیشہ کوشش رہی کہ وہ سفارتخانے کے ساتھ ملکر ویلفیئر اور لوگوں کی بھلائی کا کام کریں ۔گروپ کیپٹن ارشد مختار کا کہنا تھا کہ ان کی بریگیڈیئر شاہد منظور سے بڑی دوستی رہی ہے۔ ان کے ساتھ ملکر کام کرنے کا تجربہ بھی شاندار رہا ۔ اب یہ پاکستان جا رہے ہیں مگر ان کے ساتھ گزرا وقت ہمیشہ یاد رہے گا اور ہم ان کی کمی محسوس کرتے رہیں گے۔ تقریب کے میزبان مبشر انوار کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر شاہد منظور پاک فوج کا ایک ایسا سپوت ہے جس نے پاکستان میں بھی اپنی عسکری صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ملک کی خدمت اور پاکستان کی حفاظت کی ۔انہی کی طرح ہماری مسلح افواج نے جس طرح ملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی راتوں کی نیند بھول کر ہمیں سکھ کی نیند سلایا اس پر ہم اپنی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بریگیڈیئر شاہد اب شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ ہم ان کی کامیابی اور سرخرو ہونے کی دعا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کی کمانڈ میں دشمن کو شکست سے دوچار ہونا پڑے اور فوج کے دیگر جوانوں کے ساتھ ملکر دہشت گردی جیسے ناسور سے ملک کو پاک کریں گے۔ بریگیڈیئر شاہد منظور نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں سعودی عرب میں اچھے دوست بنا کر جا رہا ہوں جو ہمیشہ میرے قریب رہیں گے۔ ریاض کمیونٹی نے جس قدر ان کو پیار دیا ہے وہ اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 سال سے پاک سعودی عسکری تعلقات میں بھی بڑی تیزی اور بہتری آئی ہے۔ دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے تجربات سے فاہدہ بھی اٹھاتی رہتی ہیں اور ملکر جنگی مشقوں میں بھی حصہ لیتی ہیں جس سے دو طرفہ عسکری تعلقات میں روزبروز بہتری آرہی ہے۔ پاکستان ایک خود مختار اور عسکری طاقت سے بھرپور ملک ہے۔ اس کو ان شاء اللہ کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔ ہم ایٹمی طاقت ہونے کے حوالے سے ذمہ دار ملک ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ خطے میں امن قائم رہے مگر جب کبھی پاکستان کو جنگ کیلئے مجبور کیا گیا تو دشمن کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
تقریب کے آخر میں مبشر انوار کی جانب سے بریگیڈیئر شاہد منظور کو تحائف دئیے گئے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض امتیاز احمد نے ادا کیے۔
مزید پڑھیں:- - - - - دبئی میں مسلم لیگ ن کی طرف سے اظہار تشکر تقریب

شیئر: