Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین دوسری شادی میں مدد کریں، المطلق

ریاض ... سربرآوردہ علماءبورڈ کے رکن اور ایوان شاہی کے مشیر شیخ ڈاکٹر عبداللہ المطلق نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ مطلقہ خواتین اور معمر کنواریوں کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ایک سے زیادہ شادیاں کریں۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ اپنے شوہروں کو دوسری شادی میں مدد کریں اور بیویوں کے درمیان عدل و انصاف کے سلسلے میں شوہروں سے تعاون کریں۔ شیخ المطلق سعودی چینل ون کے خصوصی پروگرام ”فتاویٰ“ میں ایک خاتون کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ خاتون کا کہناتھا کہ تعدد زوجات کا رواج بڑھ گیا ہے اور انصاف کا پیمانہ گھٹ گیا ہے۔ شیخ المطلق نے سوال سننے کے بعدایک لمحے کا توقف کرکے کہا کہ میں برادران اسلام سے سچی بات کہوں گا ۔ سچ یہ ہے کہ بعض اوقات تعد د زوجات ناگزیر اور بعض اوقات جرم کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔ متعلقہ خواتین اور معمر کنواریوں کی تعداد بڑھ جانے کی صورت میں تعد زوجات ضروری ہے۔ وگرنہ خود سے پوچھئے کہ مطلقہ خواتین اور معمر کنواریاں کہاں جائیں گی اور کیا کریں گی۔ بعض لوگ ایک سے زیادہ شادیاں کرسکتے ہیں۔ ہماری بہت سی بیٹیاں عمر ڈھلنے کے باوجود شادی سے محروم بیٹھی ہوئی ہیں۔ بہت ساری لڑکیاں طلاق کے بعد تنہائی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ یہ کہاں جائیں؟ نوجوانوں سے یہی کہا جائیگا کہ ایک سے زیادہ شادیاں کرو مگر انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹنے دو۔
 

شیئر: