کاروباری مالیت میں 70فیصد کا فروغ، سرمایہ کاروں کو 22ارب ریال کا فائدہ
غیاث الدین۔ جدہ
گزشتہ ہفتے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں 6.7فیصد کا فروغ دیکھا گیا اور اس طرح 76ڈالر فی بیرل کی قیمت کے ساتھ خام تیل کی قیمت کا 4سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس کے ساتھ ہی سعودی اسٹاک مارکیٹ کو بھی تقویت ملی اور تداول آل شیئر انڈیکس 98.93 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 7997.61پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ گزشتہ ہفتے سارے اشاریئے مثبت زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 1.25فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ سودوں اور حجم میں بالترتیب 62فیصد اور 50فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ کاروباری مالیت 70فیصد کے زبردست اضافے کے بعد 15ارب ریال تک پہنچ گئی۔ قیمتیں بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو 22ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں سب سے زیادہ فائدہ نیشنل میڈیکل کیئر کو ہوا جس کی قیمت 14.94فیصد اضافے کے بعد 50ریال پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ سعودی سیمنٹ کی قیمت 13.75فیصد فروغ کے بعد 27.30ریال پر پہنچ گئی۔ ناما کیمیکلز کی پرائس 13.31فیصد بڑھنے کے بعد 27.65ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ ہیوٹی ویٹ سابک کی قیمت بھی 1.78فیصد اضافے کے بعد 125.80ریال پر پہنچ گئی۔ الراجحی بینک کی قیمت میں 1.88فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا جبکہ سعودی کیان کی قیمت 5.71فیصد فروغ کے بعد 17.40ریال پر بند ہوئی۔ انماءبینک حجم کے لحاظ سے ٹاپ پر رہا اور اس کی پرائس بھی 1.80فیصد اضافے کے بعد 21.52ریال پر بند ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے ولاءانشورنس ٹاپ پر رہی جس کی قدر 6.87فیصد کمی کے بعد 21.96ریال تک گر گئی جبکہ بجٹ کار کی قیمت 6.07فیصد انحطاط کے بعد 26.20ریال پر بند ہوئی۔ گزشتہ ہفتے سعودی برٹش بینک اور الاول بینک کے مرجر کی خبریں بھی آئیں جس سے سعودی برٹش بینک کے حصص ہولڈر میں بے چینی پائی گئی اور اس کی قیمت 2.15فیصد کمی کے بعد 31.75ریال پر بند ہوئی جبکہ دوسری طرف الاول بینک کی خریداری میں اضافہ ہوا اور اس کی قدر 3.25فیصد بڑھ گئی۔