ملتانی مٹّی چہرے کی جِلد کے لیے بےحد مفید ہے۔اس کے مسلسل استعمال سے رنگت میں نکھار اور چمک پیدا ہوتی ہے۔عام طور پر ملتانی مٹّی کو عرقِ گلاب، انڈے کی سفیدی، روغنِ بادام، شہد، لیموں کےرَس اور بیسن وغیرہ میں مکس کرکے نیچرل ماسک تیار کیے جاتے ہیں۔یہ چکنی جلد کی حامل خواتین کی پریشانی کا بہترین علاج ہے . یہ چہرے کی اضافی چکنائی دور کرنے کے ساتھ دانوں اور کیل مہاسوں سے بھی نجات دلاتی ہے۔
چہرے پر سے جھریوں کے خاتمے کے لیے بھی ملتانی مٹی مہنگی کریموں اور لوشنز کا متبادل ہے . ملتانی مٹّی کا سفوف بناکر اس میں شہد اور پیاز کا رَس ایک ایک چمچ باہم ملاکر پیسٹ بنالیں اور چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں۔خشک ہونے پر نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔محض دو ہفتے میں ہی نتائج واضح ہو جائیں گے ۔
بڑھتی عُمر میں چہرے کی جِلد ڈھلکنے لگتی ہے، تو جلد کا قدرتی تناؤ کو برقرار رکھنے کے لیےملتانی مٹّی سے مفید کوئی اور شے نہیں۔علاوہ ازیں، ملتانی مٹّی ہر قسم کی جِلد کے لیے بہترین ماسک ہے۔ ملتانی مٹّی سو گرام، صندل کی لکڑی کا برادہ اور کینو کے خشک چھلکے50، 50گرام الگ الگ خُوب باریک پیس کر سفوف بنالیں۔پھرانھیں یکجا کرکے کسی ہوا بند جار یا پلاسٹک کی تھیلی میں محفوظ کرلیں۔ہفتے میں ایک بار یہ سفوف پانی میں گھول کر چہرے پر لگائیں۔خشک ہونے پر مُنہ نہ دھوئیں، بلکہ کسی صاف کپڑے کو پانی میں بھگوکر آہستہ آہستہ چہرہ صاف کریں۔یہ ماسک جلد کی اندرونی سطح تک پہنچ کر جِلد کو تروتازہ اور خُوب صُورت بنادیتا ہے۔