پیر 8اکتوبر 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
سعودی عرب بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے ہاتھوں اپنے قیام کے روز اول سے تعلیم پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ سعودی عرب نے اپنے تمام علاقوں میں تعلیم کی ترویج و اشاعت اور تعلیم کے مشن کے پاسبانوں کی خدمت کیلئے جملہ وسائل وقف کئے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زریں عہد میں تعلیمی نظام کو غیر معمولی توجہ دی جارہی ہے۔ منصوبہ بندی سے لیکر نگرانی اور مناسب ماحول اور اعلیٰ معیار کی فراہمی نیز اساتذہ اور استانیوں کی نگہداشت سمیت جملہ امور کو مدنظررکھا جارہا ہے۔
سعودی عرب اساتذہ کا عالمی دن منا رہا ہے۔ یوم اساتذہ کے پاکیزہ اہداف کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرکے یوم اساتذہ کا جشن منانے کا اہتمام ہورہا ہے۔
اساتذہ کا پیغام تعلیم و تربیت کی معراج ہے۔ یہی نوجوانوں کی حقیقی دولت اور مستقبل کے قائدین کا حقیقی سرمایہ ہے ۔ اساتذہ وطن عزیز کی خدمت کیلئے ہر سطح پر تعلیم و تدریس کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے ہوئے ہیں۔ اسکے لئے اپنی ذات کی نفی کرکے جدوجہد کررہے ہیں۔اسکا تقاضا ہے کہ ان کا اعزاز و اکرام ہو۔
سعودی عرب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تعلیم کے فروغ کیلئے تعلیم دینے والوں کی ضروریات اور تقاضے بھی بھرپور طریقے سے پورے کررہا ہے۔