ازبک حکومت کی کامیاب پالیسوں سے سیاحت کو فروغ ملا ، عبدالعزیزقدیر وف
سیاحوں کی حفاظت اور انہیں بہترین ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،جدہ سے تاشقند براہ راست پروازوں کا آغاز رواں ماہ کیاجائیگا، ڈپٹی چیئر مین ازبک قومی کمیٹی برائے سیاحت کی اردونیوز سے گفتگو
تاشقند( ارسلان ہاشمی ) ازبکستان کے درالحکومت تاشقند میں منعقدہ24 ویں عالمی سالانہ سیاحتی میلے کی اختتامی تقریب کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کمیٹی برائے سیاحت کے ڈپٹی چیئر مین عبدالعزیز قدیروف نے کہا ہے کہ ازبکستان سیاحوں کے لئے انتہائی پرکشش اور اسلامی تہذیب و ثقافت کے ورثے سے مالا مال ہے ۔ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح بیرونی سرمایہ کاری اور سیاحت کافروغ ہے جس کےلئے جامع منصوبہ بندی پر بخوبی عمل جاری ہے ۔ سیاحوں کےلئے ڈیجیٹل ویزا پروگرام شروع کیاگیا ہے۔ الیکٹرانک ویزوں کے اجراء میں بعض دشواریوں کو دور کر کے مراحل کوکو مزید بہتر بنایا گیاہے ۔ماہ رواں کے آخر میںجدہ ، تاشقند براہ راست ہفتے میں 2 پروازیں شروع کی جارہی ہیں ۔ سیاحت کے فروغ کےلئے عمرہ پلس پروگرام بھی شروع کیاجائے گا جس کے تحت آنے والوں کو ازبکستان کی سیاحت بھی کروائی جائے گی ۔ اردو نیوز کے ایک سوال پرڈپٹی چیئر مین نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت اور انہیں بہترین ماحول فراہم کرنا ازبک حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ ازبکستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے سیاحوں کی خدمت کےلئے مستعد رہتے ہیں ۔ کسی بھی ہنگامی حالت میں ٹول فری نمبر پر شکایت درج کروانے کاخصوصی بندوبست کیا گیا ہے ۔ ازبکستان کی سیاحت کےلئے پڑوسی اور ایشیائی ممالک کے لئے مفت سیاحتی ویزے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ گزشتہ برس کے اختتام میں سیاحوں کی سہولت کےلئے 30این جی اوز اور ادارے کام کر رہے ہیں جوسیاحوں سے فیڈ بیک لے کر جامع رپورٹ مرتب کرتے ہیں جن کی روشنی میں آنے والی تجاویز پر عمل کیا جاتاہے ۔ سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں حکومت کی قومی کمیٹی برائے سیاحت کی جانب سے ٹور آپریٹرز اور سیاحتی کمپنیوں کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کئے جاتے ہیں ۔ سیاحوں کی سہولت کےلئے150 خصوصی بسیں حاصل کی گئی ہیں جنہیں تاشقند سمیت دیگر تاریخی شہروں میں چلایا جارہا ہے۔ سیاحتی بسوں کا تجربہ کافی کامیاب رہا اس میں مزید اضافہ کیاجائے گا ۔ سمرقند و بخارا ، خیوہ اور دیگر علاقوں میں جہاں تاریخی مقامات بکثرت پائے جاتے ہیں وہاں بھی سیاحتی پیکچز جاری کئے ہیں ۔حکومت کی جانب سے سمرقند میں 12 سو ایکٹر رقبے کو سیاحت کےلئے مخصوص کیا ہے اس کےلئے دیگر تاریخ شہروں میں بھی سیاحتی مقامات کو نمایا ں کرنے کےلئے وہاں حکومت کی جانب سے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں ۔ حکومتی سطح پر فروغ سیاحت کےلئے ماسٹر پلان بنایا گیا ہے ۔ڈپٹی چیئر مین نے مزید کہا کہ گزشتہ برس موسم بہار میں سیاحوں کی غیرمعمولی تعداد ازبکستان آئی جو اس امر کی واضح دلیل ہے کہ ازبکستان میں سیاحوں کو بہترین ماحول فراہم کیاجاتا ہے ۔