پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور کے اعزاز میں الوداعیہ
مسلم لیگ ن کی جانب سے تحائف اور شاندار خدمات پر خراج تحسین
ریاض( ذکاء اللہ محسن) مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے سفارتخانہ پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اہل ریاض کی محبت اور خلوص کو فراموش نہیں کر سکتا۔ آپ لوگوں کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاک فوج میں 30 سال خدمات سرانجام دیتے ہوئے گزرے۔ الحمد للہ پاکستان عسکری طور پر بہت مضبوط ملک ہے، اسے اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ باقی دنیا کا مقابلہ کیا جاسکے اور قوم کو خوشحالی سے ہمکنار کیا جائے۔مسلم لیگ ن ریاض کے صدر ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر شاہد منظور نے ایک فیملی ممبر کی طرح ہمیں اپنے پیار سے نوازا ،ہم انکی محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ سینیئر نائب صدر شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ پاک آرمی ہمارا فخر ہے اور بریگیڈیئر شاہد منظور جیسے سپوت پاک فوج کا ہی نہیں پورے ملک کا سرمایہ ہیں ۔انہی کی بدولت پاکستان کا دفاع مضبوط ہے۔پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ہماری دعا ہے کہ بریگیڈیئر شاہد منظور جہاں بھی رہیں کامیاب رہیں، ہماری دعا ان کے ساتھ رہے گی ۔تقریب کے آغاز میں تلاوت کلام پاک کا شرف محمود احمد باجوہ نے حاصل کیا جبکہ نعت رسول مقبول معروف نعت خواں محمد اصغر چشتی نے پڑھی۔ تقریب کے آخر میں مسلم لیگ ن کی جانب سے بریگیڈیئر شاہد منظور کو تحائف دئیے گئے۔