جاپان میں اڑنے والی خود کار کاروں کے روٹ کے میپ تیار
ٹوکیو.... جاپانی حکومت رواں سال اڑنے والی کاروں کے روٹ کے نقشے جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک انقلابی پیش رفت ہے جس کے نتیجے میں سڑکوں پر ٹریفک کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملنے کے ساتھ شہریوں کو گاڑیوں کے لیے انتظار کی زحمت سے بھی بچایا جاسکے گا۔جاپان میں اڑنے والی کاروں کی تیاری کسی ایک کمپنی کا نہیں بلکہ کئی کمپنیوں کی مشترکہ مساعی کا نتیجہ ہے۔ ڈرون کار پروجیکٹ پر کام کرنے والی کمپنیوں میں جاپان کی سب سے بڑی فضائی کمپنی آل نیپون ایئر ، الیکٹرونیکل کمپنی این ای سی اور 12 دوسری کمپنیوں کے ساتھ نقشہ تیار کرنے والے ماہرین بھی کام کررہے ہیں، جو رواں سال اڑنے والی کاروں کے نقشے جاری کریں گے۔جاپانی حکومت کے ایک عہدیدار فومیاکی ابیھارا کا کہنا ہے کہ اڑنے والی کاروں کا منصوبہ ہر اعتبار سے الگ اور نیا ہے۔ اس نے جاپان کے سامنے ترقی کا ایک نیا دروازہ کھولا ہے جس میں تاخیر کی گنجائش نہیں۔