لندن پارک میں قصے کہانیوں جیسے سفید فام ہرن دیکھ کر لوگ حیران
لندن..... ہرن بنیادی طور پر ایک انتہائی خوبصورت اور دلکش جانور ہے۔ اس کی آ نکھیں ساحرانہ کشش رکھتی ہیں جبکہ دوڑ اور چھلانگ میں یہ شیروں او ر چیتوں کی ہمسری کرتی ہیں۔ سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ازل سے ہرن کو انسان پسندیدگی کی نظر سے دیکھتا رہا ہے۔ اسکی کئی اقسام دنیا میں پائی جاتی ہیں۔ کچھ بغیر سینگوںوالے ہرن ہوتے ہیں جبکہ کچھ کے سینگ متعدد شاخوں والے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں بارہ سنگھا کہا جاتا ہے مگر ایک او رنادر نسل کا ہرن وہ ہوتا ہے جس کے سینگ ہوتے تو دو ہی ہیں مگر اختتامی سرے پر ان کی کئی شاخیں اگتی نظر آتی ہیں۔ ایسے ہرن پورے دنیا میں بہت کم دیکھے گئے ہیں اور اگر یہ بالکل سفید فام ہو تو انکی خوبصورتی مزید لاجواب ہوجاتی ہے ۔ ایسا ہی کچھ یہاں لندن پارک میں چند دن قبل لوگوں نے دیکھا کہ ایک انتہائی حسین و جمیل ہرن جو بالکل سفید فام تھا بڑی شان سے جھاڑیوں میں کھڑا نظرآیا۔ دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ اتنے خوبصورت ہرن کو دیکھ کر مبہوت رہ گئے۔ 46سالہ فوٹو گرافر مائیک ایلس کا کہناہے کہ وہ بھی اس ہرن کو دیکھ کر اتنا حیران ہوا کہ کچھ دیر تک اسے یہ خیال تک نہیں آیا کہ اسے نادر ہرن کی تصویر اتارنی ہے۔ جب ہرن کے حسن کے سحر سے وہ نکلا تو اس نے پہلی فرصت میں سفید ہرن کی تصویر اتار لی۔ فوٹو گرافر کا کہناہے کہ جس وقت وہ اس ہرن کو دیکھ رہا تھا اسے ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے کسی نے اس پر جادو کردیا ہو۔ ایسے ہرن شاذونادر ہی کسی نے دیکھے ہونگے۔ جھاڑیوں کی تاریکی نے اس کے مکمل دودھیا رنگ کو مزید دلکش اور دلاویز بنادیا تھا۔ ہرن کے نظرآنے کی خبر جنگل کی خبر کی طرح عام ہوئی جس کے بعدہرنوں کی دیکھ بھال کے ادارے برٹش ڈیر سوسائٹی کے ترجمان نے بتایا کہ اس ہرن کو’’سورج مکھی ہرن‘‘ نہیں کہا جاسکتاکیونکہ اسکی آنکھیں سیاہ ہیں اور اگر یہ سورج مکھی ہوتا تو اسکی آنکھوں کی رنگت بالکل سفید ہوتی۔ جب سے اس ہرن کی تصویر جاری ہوئی ہے بہت سے لوگوں نے ا پنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ہرن کی تصویر اور وڈیو دیکھ کر ایسا محسوس کررہے ہیں جیسے خواب دیکھ رہے ہوں۔