قوی الجثہ وہیل کوٹیمز سے آئس لینڈ پہنچانے کا منصوبہ
لندن.... مقامی مشہور دریائے ٹیمز میں تقریباً2ہفتے قبل جو عجیب و غریب اور قوی الجثہ وہیل نظرآئی تھی اسے دریائے ٹیمز سے نکال کر آئس لینڈ پہنچانے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسیکس میں پرندوں کے شکار او رانکی نقل و حرکت پر نظررکھنے والے لوگوںنے 25ستمبر کو اس وہیل کو دیکھا تھا جس کا ٹیمز جیسے دریا میں رہنا سب کو حیرت انگیز لگا اور اسی لئے انہوں نے قصے کہانیوں کے مشہور کردار بینی سے اسے منسوب کردیا او راسکا نام بھاری بھرکم ہونے کی وجہ سے بینی دی بیلوگا رکھ دیا۔ ماہرین آبی حیاتیات کا کہنا ہے کہ ٹیمز کے پانی میں اسکا زندہ رہنا بہت مشکل نظر آرہا ہے اور جیسے جیسے دریا کا پانی گرم ہونا شروع ہوگا اس وہیل کی صحت بگڑنے لگے گی اور نتیجے میں وہ ہلاک ہوجائیگی۔ اسی لئے اسکی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اگر ماہ رواں میں اسکی منتقلی کا کام ہوا تو اسے بذریعہ طیارہ ٹیمز سے نکال کر 1150میل دور آئس لینڈ کے ساحلی علاقے کلیسوک پہنچا دیا جائیگا۔ ماہرین کا کہناہے کہ بذریعہ طیارہ اسے آئس لینڈ پہنچانے سے قبل بھی ایک سخت مرحلہ پیش آسکتا ہے۔ جو اسے پانی سے باہر نکالنے کا ہوگا چنانچہ بہتر یہی ہے کہ اسے جلد سے جلد آئس لینڈ پہنچا دیا جائے۔ اس سے قبل امریکہ میںبھی ایک وہیل کو حفظ ماتقدم کے طورپر پانی سے نکال کر کسی دوسری جگہ بحفاظت منتقل کیا جاچکا ہے۔ یہ واقعہ ریاست اوریگن میں پیش آیاتھا۔ جہاں کیکو نامی وہیل کو کرین کے ذریعے پانی سے نکال کر ایک ٹرک پر لاددیا گیا تھا۔