نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کا اعلان
اسلام آباد ... وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کردیا۔ ون ونڈو سسٹم کے تحت تمام سہو لتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعظم خود اتھارٹی کی نگرانی کرینگے ۔ اسلام آباد میںتقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ 5 برسوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کرے گی۔ کم آمدنی والے افراد کو گھر دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 7 شہروں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کررہے ہیں۔گھروں کے لئے 60 دن میں رجسٹریشن مکمل کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر پرائیویٹ ادارے کریں گے ۔ جب کام کا آغاز ہوگا تو اس سے منسلک 40 صنعتیں فعال ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جوان کنسٹرکشن کمپنی خود شروع کریں اور انڈسٹری میں شامل ہوں ۔ہماری کوشش ہے کہ بیروزگار نوجوان ہاو¿سنگ اسکیم سے روزگار لیں۔ وزیر اعظم نے وفاقی ملازمین کے لئے ہاوسنگ سوسائٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 10 سے 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جس کے لئے دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے بات چیت کی جائے گی۔ ہمارے پاس مستقبل میں اتنے پیسے نہیں ہوں گے کہ اپنے قرضے واپس کر سکیں۔اس وقت آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے جو اقدامات کئے ان کے اثرات 6 مہینوں بعد نظر آناشروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قلیل مدتی پریشانی ہے گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ ملک کو بحران سے نکالوں گا ۔ قوموں کے اوپر اس سے بھی بڑے بڑے مسائل آئے ہیں آج یہ جو اتنا بڑا مسئلہ بنایا ہوا ہے وہ 6 ماہ بعد لگے گا کہ کوئی مسئلہ تھا ہی نہیں ۔