Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی پیک میں سعودی سرمایہ کاری پر اعتراض نہیں ،چینی سفیر

کوئٹہ .... پاکستان میں چینی سفیر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے بیجنگ کو کوئی اعتراض نہیں ۔کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک میں سرمایہ کاری پر خوش آمدید کہتے ہیں۔یاوجنگ نے کہا کہ نئی حکومت کے ساتھ سی پیک کا جائزہ لیا گیا اور نئے منصوبوں پر اتفاق رائے قائم ہوا۔ تمام منصوبے سی پیک کے تحت وقت پر مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ سی پیک کو افغانستان کے ذریعے وسطیٰ ایشیائی ممالک سے جوڑا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے خطے میں خوشحالی اور ترقی کے نئے راہیں پیدا ہوں گی۔چینی سفیر نے واضح کیا کہ سی پیک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے جہاں پاکستان کے شہریوں کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا بلوچستان سرمایہ زراعت، لائیو اسٹاک اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعے فراہم کرتا ہے۔چیمبر آف کامرس کے اراکین نے چینی سفیر سے مطالبہ کیاکہ وہ کوئٹہ میں چینی قونصلیٹ قائم کریں تاکہ کاروباری شخصیات کےلئے آسانیاں پیدا ہو سکیں۔نئے سفیر نے وعدہ کیا کہ ان کی درخواست کو بیجنگ کی اعلیٰ قیادت سے زیر بحث لائیں گے۔دریں اثناء چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے قرضوں کا مسئلہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے سے نہیں۔ اس کے تحت شروع کئے جانے والے تمام منصوبے پاکستان کی مسلسل ترقی کی بنیاد پر دو طرفہ سمجھوتوں کے تحت شروع کئے گئے ہیں۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت نے واضح کر دیا تھا کہ وہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی مکمل حمایت کرے گی ۔یہ منصوبے پاکستان کی طویل مدت کی سرمایہ کاری کی حکمت عملی کے عین مطابق ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے بھی کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں سے پاکستان کے قرضوں کے بوجھ پر کوئی اثر نہیں پڑ رہا۔

شیئر: