اوڈیشہ سے بنگال تک ’’تتلی ‘‘طوفان کا حملہ، درخت جڑوں سے اکھڑگئے
جمعرات 11 اکتوبر 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحلوں تک تتلی طوفان پہنچ گیا۔اوڈیشہ کے ضلع گوپال پور میں150کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ اس کی رفتار 165کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے کا امکان ہے۔اوڈیشہ اور آندھرا پردیش میں طوفان کے پیش نظر ساحلی علاقوں میں آباد تقریباً3لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔اوڈیشہ کے18اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔اطلاع کے مطابق گوپال پور اور بیرہمپورمیں متعدد درخت جڑوں سے اکھڑگئے۔طوفان بادوباراں کے باعث اوڈیشہ میں سرکاری اسکول اور کالج 11،12اکتوبر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے طوفان سے نمٹنے کیلئے کی جانیوالی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی میٹنگ طلب کی۔شمالی آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں طوفان ’’تتلی ‘‘حملہ آور ہوگیا۔متاثرہ علاقوں میںکئی ٹرینیں منسوخ اور متعدد کے روٹ تبدیل کردیئے گئے۔شاہراہوں پرنصب بجلی کے کھمبے اور درخت جڑسے اکھڑ کر گرگئے جس کی وجہ سے شاہراہوں پر آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گنجام ، گجپتی ، پوری جگت سنگھ پور ، کیندر پاڑا ، خردہ، نیا گڑھ ، کٹک، جاجپور، بھدرک، بالاسر ، کندھمال ، بودھ اور ڈھینک نل میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔