نئی ٹیسٹ رینکنگ: محمد عباس کی کیریئر کی بہترین پوزیشن
دبئی :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے دبئی ٹیسٹ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں فاسٹ بولر محمد عباس سمیت پاکستان کے کئی کھلاڑیوں کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔ محمد عباس نے دبئی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ اس کے بعد وہ کیریئر کی بہترین پوزیشن 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سرفہرست، جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا دوسرے اور ورنن فلینڈر تیسرے نمبر پر ہیں۔بہترین 10 بولرز کی فہرست میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔ہند کے رویندرجدیجہ چوتھے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پانچویں اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز چھٹے نمبر پر ہیں۔ٹیسٹ بولرز کی درجہ بندی میں سری لنکا کے رنگانا ہیرتھ ساتویں، ہندکے روی چندرن ایشون آٹھویں، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نو یںاور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔پاکستان کے تجربہ کار اسپنر یاسر شاہ 21، وہاب ریاض 32 اور محمد عامر 34 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بیٹنگ کے شعبے میں محمدحفیظ، حارث سہیل اور امام الحق کی پوزیشن درجہ بندی میں بہتر ہوئی ہے تاہم بولنگ کی طرح بیٹنگ میں بھی کوئی پاکستانی سرفہرست 10 بلے بازوں میں شامل نہیں۔ ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی پہلے، ایک سالہ پابندی کے شکار آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ بدستور دوسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تیسرے، انگلینڈ کے کپتان جو روٹ چوتھے اورآسٹریلیا کے ہی پابندی کا شکار ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر ہیں۔ دبئی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بہترین بلے بازی کر کے مین آف دی میچ رہنے والے آسٹریلیا کے عثمان خواجہ 9 درجے ترقی پاکررینکنگ میں 10 ویں نمبر پرآ گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اظہرعلی 16 ویں نمبر کے ساتھ نمایاں ہیں۔ اسدشفیق 5 درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ سرفراز احمد 42 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں