یوپی :کالج کی زیر تعمیر عمارت منہدم،3ہلاک،14زخمی
شاہجہاںپور۔۔۔۔اتر پردیش کے ضلع شاہجہاں پور میں واقع دون ڈگری کالج کی زیرتعمیر عمارت اچانک منہدم ہوگئی جس میں3افراد ہلاک اور14زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت امدادی ور راحت رسانی کی 2ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملبے تلے دبے مزدوروں کو کو نکالنے کی کارروائی شروع کردی۔ اطلاع کے مطابق عمارت میں 65مزدور کام میں مصروف تھے جن میں سے 3کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 50سے زائدمزدوروں کے ملبے تلے دب جانے کااندیشہ ہے۔شاہجہاں پور کے ایس پی شیو سنپی چینپا نے کہا کہ امدادی ٹیموں کے ارکان نے ہنگامی بنیادوں پر زخمیوں کوملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔عمارت کے ملبے کو ہٹانے کیلئے جے سی بی مشینوں کا استعمال کرکے ملبے سے 16افراد کو باہر نکالا گیا۔اس واقعہ کے بارے میں ڈی ایم امرترپاٹھی کا کہنا ہے کہ عمارت کی تعمیر میں غیر معیاری سامان استعمال کیا گیا جس سے حادثے پیش آیا۔ ایس ڈی ایم صدر رام جی مشرا نے بتایا کہ انٹر کالج کی عمارت میں لنٹر ڈالا جارہا تھا کہ اسی دوران اچانک پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے راحت و بچاؤکے کام تیزی سے کرنے کی ہدایت جاری کردی۔عمارت تعمیر کرانے والے ٹھیکیداروں کو پولیس نے گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں