چوری کے مینڈیٹ نے ملکی معیشت تباہ کردی‘ فضل الرحمن
کوئٹہ: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دھاندلی سے آکر اقتدار کرنے والوں کے نظام کو حکومت کہنے کا دل نہیں چاہتا۔ ذرئع کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جس شخص کی پہچان بطور وزیر اعظم ہو رہی ہے، وہ اس اہم منصب کی توہین کے مترادف ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکمران اپنے وعدے پورے نہیں کررہے۔ اسٹاک مارکیٹ کی حالت بدترین اور ملکی معیشت تیزی سے تباہی کی طرف جارہی ہے۔ چوری کے مینڈیٹ سے بننے والی حکومت نے عوام کے مسائل بڑھا دیے ہیں۔ درحقیقت موجودہ حکمران اندرونی نہیں بیرونی ایجنڈے کے لوگ ہیں۔