اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ طلب کرلی؟
لندن... پاکستان کے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دیدی ۔ اسحاق ڈار کے خاندانی ذرائع نے سیاسی پناہ کے لئے درخواست دینے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار ویزے میں توسیع کے لئے ہوم آفس گئے تھے جہاں انہوں نے پاسپورٹ کی منسوخی اور اسٹیٹ لیس ہونے کے بارے میں برطانوی حکام کو آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے ہوم آفس کو اپنے میڈیکل ریکارڈ بھی جمع کرائے اور ویزے میں توسیع کی درخواست کی۔دریں اثناءوزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے سے ثابت ہوتا ہے کہ اسحاق ڈار چورہیں۔ ٹی وی انٹرویو میں انہو ں نے کہا کہ سیاسی پناہ سے متعلق درخواست برطانوی حکومت کے لئے امتحان ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ قانون سے بھاگنے کا مطلب جرم قبول کرنا ہے۔ عوام چاہتی ہے کہ ملک لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی ہو اس سلسلے میں عالمی برادری ہمارا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار کے ہاتھ صاف ہوتے تو وہ اس طر ح ملک سے نہ بھاگتے۔