Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ظہران الشرقیہ اور الاحساء میں کلچرل سینٹرز میں آتشبازی اور پتنگ بازی کے مقابلے

کنگ عبدالعزیز کلچر ل سینٹر میں دن کی روشنی میں آتش بازی کا مثالی و منفرد مظاہرہ، دہران کائٹ کلب کے تعاون سے پتنگ بازوں کے مابین مقابلوں کا انعقاد
 
     ثناء بشیر ۔۔الاحساء
    ٭دہران الشرقیہ میں واقع کنگ عبدالعزیز کلچرل سنٹر میں رنگوں کی ایسی بہار آئی کہ بہار سے قبل مختلف رنگوں نے پوری فضا میں دھنک کے رنگ بکھر دئیے ۔سعودی ارامکو کی جانب سے کلچرل سنٹر کے وسیع علاقے کو دن کی روشنی میں رنگوں سے بھر دیا گیا ۔عموماًآتش بازی کا مظاہرہ رات کے اندھیرے میں نہ صرف دلکش نظارے فراہم کرتا ہے بلکہ دیکھنے والے بھی اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں مگر کلچرل سنٹر میں دن کی روشنی میں ہونے والے آتش بازی کے مظاہرے کو نہ صرف ہمیشہ کے لئے یادگار بنا دیا بلکہ دیکھنے والے بھی اپنی آنکھوں پر یقین کرنے میں مشکل کا احساس کر رہے تھے۔ اس خوبصورت اور دلکش مناظر کو دیکھنے کیلئے 18ہزار سے زائد افراد نے کلچرل سنٹر کا رخ کیا اور دن کے اجالے میں ہونے والی آتش بازی کے اس شاندار مظاہرے کو دیکھا اور قوس قزح کی مانند رنگوں کو زمین سے آسمان کی طرف بلند ہوتے دیکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا علاقہ رنگین تر ہوتا چلا گیا۔ اس شاندار مظاہرے کے حوالے سے سعودی آرامکو کے منتظمین کا کہنا تھا کہ صحرا میں جب رنگ بکھرتے ہیں تو ان رنگوں کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ آتش بازی کے اس منفرد مظاہرے کو کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا ۔  کلچرل سنٹر میں بچوں کیلئے مختلف ایونٹس بھی  تھے جن میں بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور انہوں نے ٹیبلوز اور دیگر کھیل پیش کیے جس سے بچے خوب پرجوش نظر آئے اور دلجمعی اور خوشی کے ساتھ ایونٹس میں شرکت کی اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
    ٭دہران کائٹ کلب کی جانب سے پتنگ بازی کا مقابلہ منعقدکیا گیا جس میں دمام، الاحساء ، الخبر الجبیل اور دیگر علاقوں کے پتنگ بازوں نے بھرپور شرکت کی  ۔ الاحساء کے قریب کھلے میدان کو مقابلے کے لئے منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر پتنگ بازی کے مقابلوں میں فائنل الاحساء اور دہران کے مابین کھیلا گیا۔ فائنل میچ میں دہران کلب نے الاحساء کی زیادہ پتنگیں کاٹ کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔   دہران کائٹ کلب کے صدر عمران صدیقی کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی ہماری شاندار روایت ہے  ۔ عموماًپتنگ بازی کے مقابلے موسم بہار کے آغاز میں منعقد کئے جاتے ہیں ۔ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ سعودی عرب میں رہ کر اپنے ہموطنوں کے ساتھ ملکر اچھے اور معیاری پروگرام ترتیب دئیے جائیں ۔ پتنگ بازی کے مقابلے جیتنے والوں میں فرزند علی، عاطف، صابر اور مزمل کو ونر ٹرافیاں دی گئیں جبکہ الاحساء کے بہترین پیچ باز عقیب جبکہ دہران کلب کے بہترین پیچ باز عاطف قرار پائے اور انہیں بھی انعامات سے نوازا گیا۔
مزید پڑھیں:- - - -

 
 

شیئر: