سپریم کورٹ نے پٹاخے فروخت کرنے کی مشروط اجازت دیدی
نئی دہلی۔۔۔۔۔ سپریم کورٹ نے پورے ملک میں پٹاخوں کی خریدو فروخت اور جلانے کی مشروط اجازت دیدی۔ پٹاخے بنانے، فروخت کرنے اور جلانے پر پابندی کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے جج اے کے سیکری کی زیر صدارت بنچ نے اس معاملے میں منگل کو اپنے فیصلے میں کہا کہ پٹاخوں پر مکمل پابندی نہیں ہوگی ، صرف لائسنس یافتگان ہی پٹاخے فروخت کرسکتے ہیں۔ پٹاخوں کی فروخت سے متعلق ہدایات تمام تہوار اور شادیوں پر بھی لاگو ہوں گی۔ دیوالی کے موقع پر رات کو 8 بجے سے 10 بجے کے درمیان اور کرسمس کے موقع پر11بجکر 55منٹ سے12بجکر 15منٹ تک آتش بازی کی جاسکے گی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اوقات کا نفاذ پورے ملک میں ہوگا۔اسکی پابندی نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ علاقے کا ایس ایچ او جواب دہ ہوگا اور اسے ذاتی طور پر عدالت کی توہین کا مجرم تصور کیا جائے گا۔واضح ہو کہ گزشتہ سال دیوالی کے موقع پر سپریم کورٹ نے دہلی اور این سی آر میں پٹاخوں کی خریدو فروخت اور جلانے پر پابندی عائد کردی تھی۔مرکزی حکومت نے کہا کہ پٹاخوں کے کاروبار پر پابندی لگانےکی بجائے پٹاخوں کی صنعت سے متعلق ٹھوس بنیادوں پر قواعدو ضوابط وضع کئے جائیں ۔