این آر او مانگا کس نے ؟
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد.... مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر این آر او لینا ہوتا تو نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ جیل جانے کے لئے لندن سے واپس نہ آتے۔ وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل میں انہوںنے کہا کہ ان سے کس نے این آر او مانگا ہے جس کے دائیں بائیں کرپٹ اور چور بیٹھے ہوں ۔ اس سے این آر او کوئی نہیں مانگتا۔ اگر این آر او کرنا ہوتا تو نواز شریف اور ان کی صاحبزادی جیل جانے کے لئے بیمار کلثوم نواز کو چھوڑ کر لندن سے وا پس نہ آتے۔ ہم احتساب کے عمل سے گزر رہے ہیں ۔احتساب عدالت ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سمیت ہر عدالت کا سامنا کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے دن رات محنت کر کے قوم کی خدمات کی ۔ وزیراعظم ہمارے دور کے تمام قرضوں کا آڈٹ کروانے کا شوق پورا کر لیں ۔ دوسروں پر الزام لگانے کی بجائے اپنی65دن کی کارکردگی عوام کو بتائیں۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ احتساب اور انصاف کے نام پر انتقام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان شوشے نہ چھوڑیں وہ قوم کو بتائیں کہ ان سے کب اور کس نے اور کیسے این آر او مانگا ہے۔ حکومت کی نااہلی چھپانے کے لئے لوگوں کو احتساب کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جارہا ہے۔ مہنگائی کے ذمہ دار حکمران اور دوسروں پر ملبہ ڈال کر خود کو بچانا چاہتے ہیں۔ کرپٹ لوگوں میں گھرا شخص دوسروں کو دیانت کا سبق کیسے دے سکتا ہے۔ 2 ماہ میں ملک کا دیوالیہ نکالنے والوں کا حتساب ضرور ہوگا۔