Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین میں جمعہ الوداع اور دعائے ختم قرآن کی تیاریاں مکمل  

مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں جمعہ الوداع اور ختم قرآن کریم کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف میں 29 ویں شب کے لیے دعائے ختم القرآن میں بڑی تعداد میں زائرین کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ترانتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔
انتظامیہ کی جانب سے رضاکاروں اور بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سیکیورٹی اہلکار اور رضاکاروں کو مسجد الحرام میں زائرین کی آمد ورفت کو منظم رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مسجد الحرام میں آنے اورباہر نکلنے کے لیے راستوں کو مخصوص کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین آمد و رفت کے لیے جدا کیے گئے راستوں کی پابندی کریں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  زائرین کی آمد ورفت کے لیے راستوں کو جدا کیا گیا (فوٹو، ایس پی اے)

مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں بھی نماز جمعہ اور دعائے ختم قرآن کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ زائرین کی سہولت کےلیے صحنوں میں بھی آب زم زم کی مستقل فراہمی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے مسجد نبوی الشریف کے بیرونی صحنوں میں  صفائی کے لیے 161 خصوصی ویکیوم گاڑیوں کا بندوبست کیا ہے جو فرش کو دھونے اور صاف رکھنے کے لیے مخصوص ہیں۔

 صفائی کے لیے اضافی ٹیمیں مستقل بنیادوں پر کام کررہی ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت مسجد نبوی الشریف کے بیرونی جانب آمد ورفت کے راستوں کو جدا کیا گیا جہاں رضاکار اور سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ آمد رفت کے راستوں کو جدا کرنے کا مقصد ازدحام کو کنٹرول کرنا ہے۔

 

 

شیئر: