سالگرہ کی تقریب میں ہم جماعتوں کی عدم شرکت سے مغموم بچے پر تحائف کی بارش
جمعرات 25 اکتوبر 2018 3:00
ٹیکسان،اریزونا - - -بیشتر لوگوں کیلئے دوسری بیشمار تقریبات کی طرح سالگرہ کی تقریب بڑی اہمیت رکھتی ہے ۔ بالخصوص بچوں کو اپنی سالگرہ کی جتنی خوشی ہوتی ہے اتنی خوشی شاید ہی کسی اور شخص کو ہوتی ہو۔لوگ بڑی دھوم دھام سے اس تقریب میں اپنے مہمانوںکومدعو کرتے ہیں ۔ بچے اپنے ہم جماعتوں کو سالگرہ کی خوشی میں شریک کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں مگر ایسا بھی ہوجاتا ہے کہ کچھ مہمان تقریب میں نہیں آپاتے لیکن چونکہ اکثریت موجود رہتی ہے اس لئے ان کا خیال غائب رہنے والے مہمانوں کی طرف زیادہ نہیں جاتا اور وہ اپنی تقریب منا لیتے ہیں مگر ذرا اس بچے کا تصور کیجئے جس کی عمر صرف چھ سال ہے اور جس کے والد نے بڑے شوق سے مقامی ریستوران میں سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیا تھا ۔ ٹیڈی مازینی بچے نے اپنے 32ہم جماعت ساتھیوں کو پیٹر پائپر ، پیزا ریستوران میں منعقد ہونیوالے تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا تھا مگر کچھ ایسا ہوا کہ اس کا کوئی بھی ہم جماعت اس کی سالگرہ میں نہیں پہنچا جس کی وجہ سے وہ بیحد اداس اور غمگین ہو گیا ۔ اس کی ماں کو بھی اپنے بیٹے کی اس حالت کا بڑا افسوس ہوا اور اس نے ایک مقامی صحافی کو اپنے غمزدہ بیٹے کی تصویر بھیج دی جس نے کسی تاخیر کے بغیر اس تصویر کو فیس بک پر جاری کر دیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ اس بچے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کریں ۔ فیس بک پر اس پیغام اور تصویر کا آنا تھا کہ بیشمار لوگوں کی توجہ اس طرف مبذول ہو گئی اور سب سے پہلے این بی اے کی ٹیم فائننگ سن اوردوسری ٹیم فیونک رائزنگ ایم ایل ایس ٹیم کے ذمہ داروں اور کھلاڑیوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنے میچ میں مدعو کیا اور اس طر ح6سالہ ٹیڈی کا غم اور افسوس اورخوشی میں ڈھل گیا ۔ بہت سے لوگوں نے بچے کو مبارکباد پیش کی ، تحائف دئیے ، پیار کیا اور اس طرح بڑی حد تک اس کے غم کا ازالہ کر دیا۔