Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا چاروں خانے چت، پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریزجیت لی

دبئی:متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا نیوالی 3میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ۔148رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم8وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنا سکی۔ دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلوی گلین میکسویل نے 2کیچ ڈراپ ہونے کے بعد 52رنز کی اننگز کھیلی جو ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔ ٹاس جیت کر پاکستانی اوپنر فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ فخر زمان کو لٹر نائل کی گیند پر 11 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔پہلے میچ کے کامیاب ترین بلے باز بابر اعظم نے 45رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ محمد حفیظ نے 40 رنز بنائے اور سٹین لیک کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔ آصف علی نے 6گیندوں پر 9 رنز بنائے۔حسین طلعت کی جگہ شعیب ملک ٹیم میں شامل ہونے پر بڑا سکور نہیں کر سکے اور 14 پر آوٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف نے 17رنز کی اننگز کھیل کرمقررہ 20اوورز میں اسکور 147 تک پہنچا دیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے 5 اوورز میں 19 رنز کے عوض 2 وکٹیں گرگئیں۔ اوپنر ڈارسی شارٹ 2رنز پر عماد وسیم کی گیند پر رن آوٹ ہو گئے جب بولرز اینڈ پر گیند عماد وسیم کے ہاتھوں سے لگتے ہوئے وکٹوں میں جا لگی اور ڈارسی شارٹ کا بیٹ ہوا میں تھا۔ کرسلن 7 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آوٹ ہوئے جن کا کیچ شاداب خان نے لیا۔پاور پلے کے بعد شاداب خان نے کپتان ارون فنچ کو آوٹ کیا فخر زمان نے 3 رنز پر ان کا کیچ پکڑ لیا ۔ مچل مارش 21رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کپتان سرفراز احمدکے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ نے وکٹ کیپر بیٹسمین کو ا یلکس کیری کو 4رنز پر آوٹ کیا۔عماد وسیم نے انتہائی شاندار بولنگ اسپیل کرایا اور اپنے مقررہ 4اوورز میں صرف 8رنز دیئے جس میں ایک وکٹ حاصل کی اور ایک میڈن اوور کرایا اس شاندار کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کااعزاز دیا گیا۔ پہلے میچ میں بھی عماد وسیم ہی مین آف دی میچ تھے۔ شاہین آفریدی مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے4اوورز میں 35جبکہ شاداب خان نے 4اوورز میں 30رنز دیئے۔ پہلے میچ میں آسٹریلوی بیٹنگ 88 رنز بنا کرآوٹ ہوگئی تھی 66 رنز سے میچ ہاری تھی۔سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 28اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: