این آر او ہو چکا؟،فضل الرحمان
لاہور ... جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت ناجائز ہے۔ زیرزمین حرکتیں سامنے آرہی ہیں۔عمران خان ایک طرف کہتے ہیں کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ دوسرے طرف کہتے ہیں نیب آزاد ادارہ ہے۔نیب کا ادارہ مشرف دور میں بنایا گیا یہ احتساب کا نہیں بلکہ سیاستدانوں کے خلاف سیاسی انتقام کا ادارہ ہے۔ اپوزیشن کو نیب کے ذریعے شکنجے میں پھنسایا جا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے متفق ہونے والے حکومت میں ہیں اور اختلاف کرنے والوں کے خلاف مقدمات بنائے جارہے ہیں۔ جو لوگ حکومت میں چلے گئے ان کے ساتھ این آراو ہو چکا ۔ اربوں کے غبن کرنے والے پی ٹی آئی میں جا چکے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ پچھلے2 ماہ میں قوم پر پہاڑ گرائے گئے۔ اپوزیشن کا اتحاد بنا کر قوم کی آواز بننا چاہتے ہیں۔عوام کی مضبوط اور مستحکم آواز بنیں گے لیکن جلد بازی اور عجلت میں کوئی کام نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات ہو چکی ہے۔ کوشش ہے کہ نوازشریف سے بھی جلد ملاقات ہوجائے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسرائیلی طیارے کے پاکستان آنے بارے خبر پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ ہے۔اس حوالے سے مکمل خاموشی ہے۔حکومت وضاحت نہیں دے رہی۔