دہلی کے سابق وزیراعلیٰ مدن لال کھورانہ چل بسے
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔دہلی کے سابق وزیراعلیٰ مدن لال کھورانہ طویل علالت کے بعد82سال کے عمر میں چل بسے۔بی جے پی کے رہنماکھورانہ پاکستان کے شہر فیصل آباد میں15اکتوبر 1936میں پیدا ہوئے۔ کھورانہ کے بیٹے ہریش کھورانہ نے بتایا کہ انہوں نے یہاں کیرتی نگرمیں واقع رہائش میں رات تقریباً 11 بجے آخری سانس لی۔انہوں نے کہا کہ کھورانہ سانس کے عارضہ اور بخار میں مبتلا تھے۔ انہیں5سال قبل برین ہیمریج ہوا تھاتب سے وہ بیمارتھے۔ اہل خانہ نے کہا کہ ان کی آخری رسوم آج ادا کی جائے گی۔ کھورانہ نے بیوی، ایک بیٹا اور2بیٹیاں سوگوار چھوڑے۔ مرکزی حکومت نے ان کی موت پر 2روزہ سوگ کا اعلان کیا۔بی جے پی کے سینیئررہنماکھورانہ 1993 سے 1996 تک دہلی کے وزیراعلیٰ رہے۔ انہیں 2004 میں راجستھان کا گورنرمقرر کیا گیا۔ بی جے پی صدرامت شاہ، وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ ، مرکزی وزیرڈاکٹرہرش وردھن سنگھ اوراسمرتی ایرانی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے سابق وزیراعلیٰ کے دنیا سے رخصت ہونے پر اظہار افسوس کیا۔