’’رقم تیار رکھیں‘ وزیر اعظم آج ہی جرمانہ ادا کریں‘‘
اسلام آباد: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ آج رات بنی گالا کا کیس ختم کرنا ہے، وزیر اعظم جرمانہ ادا کرنے کے لیے بینک کھلوا کر رکھیں یا پیسے نکلوا کر تیار رکھیں، ممکن ہے آج ہی جرمانہ ادا کرنا پڑ جائے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ اسلام آباد میں بنی گالا میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بنی گالا میں آج ہی اپنے گھر کا جرمانہ ادا کریں۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے کمیٹی تشکیل دی تھی، اس کی رپورٹ کے لیے تھوڑی مہلت دی جائے ۔ تاہم عدالت نے مزید مہلت کی استدعا مسترد کردی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا میں غیر قانونی تعمیرات کا معاملہ خود اٹھایا تھا، وہ آج ہی فیصلہ کرکے اپنے گھر کا جرمانہ ادا کریں۔ اگر تعمیرات ریگولرائز کرنے کا فیصلہ آج نہیں ہوتا تو وزیراعظم خود آ کر وضاحت پیش کریں، حکومت اس مسئلے کے حل کیلئے کچھ کر ہی نہیں رہی۔ معاملہ اٹھانے والوں کے پاس خود حکومت ہے۔ وزیراعظم 24 گھنٹے میں اجلاس بلا کر فیصلہ کریں اور کمیٹی اراکین کو فوری اجلاس طلب کرنے کا کہیں، اپنا گھر ریگولرائز کروا کر دوسروں کے لیے مثال بنیں۔ کمیٹی رپورٹ آج ہی پیش کی جائے ۔
عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم جرمانہ ادا کرنے کو تیار ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔