اسلامی فقہ اکیڈمی کانفرنس شروع، انسداد دہشت گردی ایجنڈے پر سر فہرست
مدینہ منورہ(واس) گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے خادم حرمین شریفین کی نیابت کرتے ہوئے مدینہ منورہ کے کنگ سلمان کانفرنس سنٹر میں او آئی سی کے ماتحت بین الاقوامی اسلامی فقہ اکیڈمی کی 23ویں کانفرنس کا افتتاح کر دیا۔ یہ کانفرنس مدینہ منورہ اسلامی یونیورسٹی کے تعاون سے منعقد کی گئی ہے۔ اس میں سعودی عرب سمیت46ممالک کے نمائندہ علماء اور فقہا ء شریک ہیں۔ شہزادہ فیصل بن سلمان نے افتتاحی کلمات کے دوران واضح کیا کہ کانفرنس قرآن و سنت سے ماخوذ مطالعات اور تحقیقی تجزیئے پیش کر کے انسانی تمدن کی تشکیل کی بابت رہنمائی فراہم کرے گی۔ انہو ںنے کہا کہ سعودی عرب اپنے بانی شاہ عبدالعزیز ؒ کے ہاتھوں قیام کے بعد سے لے کر حکمراں بیٹوں سے ہوتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے عہد تک اسلام کی رواداری ، میانہ روی اور اعتدال پسندی کو اجاگر کر رہا ہے۔ سعودی عرب اسلامی فقہ کا مینارہ نور ہے۔ تفصیلات کے مطابق کانفرنس میں 50سے زیادہ مقالات اور ورکنگ پیپر پر مباحثے ہوں گے۔ 16علمی نشستیں منعقد ہوں گی۔ کانفرنس کے ایجنڈے پر 6اہم مسائل ہیں۔ ان میں کم عمر لڑکیوں کی شادی ، بچیوں کی ختنہ ، زندگی کے مختلف شعبوں میں انتہا پسندی و دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے فکری اور عملی تدابیر ، کرنٹ اکاؤنٹ کے کھاتیداروں کو بینکوں کی جانب سے دی جانیوالی سہولتوں کی بابت شرعی حکم ، طبی عملے کی غلطیاں اور عقد زوجیت کے شوہر بیوی کے مالکانہ حقوق پر اثرات کے موضوعات قابل ذکر ہیں۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے اکیڈمی کے سربراہ شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید ، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بھی خطاب کیا۔