بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے پہلے سرکاری دورہ چین کے دوران آج اپنے ہم منصب لی کی چیانگ سے اہم ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے ذیل میں دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔ اس موقع پر پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم عمران خان نے کی جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، خسرو بختیار، شیخ رشید اور علی زیدی بھی مذاکرات میں شریک تھے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، عالمی صورت حال اور سی پیک سمیت دیگر موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے بعد دونوں ممالک میں تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ، جن میں زراعت، اقتصادی و تکنیکی تعاون، ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی، اسلام آباد اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون اور چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدوں کے علاوہ پاکستان سے غربت کے خاتمے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، دونوں ملکوں میں زراعت اور اقتصادی و تکنیکی تعاون کے معاہدے بھی شامل ہیں۔
قبل ازیں چینی وزیر اعظم سے باضابطہ ملاقات سے پہلے وزیراعظم عمران خان کے اعزازمیں عظیم عوامی ہال میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد ہوا جہاں چینی وزیراعظم نے عمران خان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے اور وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔