راؤ انوار کیخلاف قتل کا مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کے دوران مقدمے کو انسداد دہشت گردی کی دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ ذرائع کے مطابق مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں قتل ہونے والے نقیب اللہ کے والد کی درخواست پر سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی جس میں درخواست گزار نے انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 کی جج پر عدم اعتماد کا اظہار کیا جس پر عدالت نے راؤ انوار کے خلاف قتل کیس کو دسری عدالت منتقل کرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ نے راؤ انوار کے وکیل سے کہا کہ آپ بتائیں کیا انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کا ایک ہی دن میں حکم نامے میں دو مرتبہ ترمیم کرنا مناسب تھا۔ نقیب اللہ کے والد نے درخواست میں کہا تھا کہ اے ٹی سی کی جج نقیب اللہ قتل کیس میں جانب داری کا مظاہرہ کررہی ہیں، لہٰذا انہیں مقدمات کی آیندہ سماعت سے روک کر کیس دوسری عدالت منتقل کیے جائیں۔