حجاج کو 24 گھنٹے میں پاسپورٹ کی فراہمی، سینٹرز میں خصوصی کاؤنٹرز قائم
ہفتہ 23 نومبر 2024 7:26
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
حج 2025 کے لیے 15 نامزد بینکوں میں درخواستوں کی وصولی کا آغاز 18 نومبر سے ہو چکا ہے (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کی حکومت نے حج 2025 کے لیے جانے والے افراد کے لیے پاسپورٹ سینٹرز کے اندر سپیشل کاؤنٹر قائم کر دیے ہیں جن کے ذریعے 24 گھنٹوں کے اندر نیا یا تجدید شدہ پاسپورٹ جاری کر دیا جائے گا۔
ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ لاہور خالد عباس نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ حج پر جانے والے افراد کو اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام ریجنل دفاتر میں پاسپورٹ کی فراہمی 24 گھنٹوں کے اندر کی جائے گی اور ہم نے لاہور کے ریجنل آفس میں اس کے انتظامات مکمل کر لیے اور کاونٹر قائم کر دیا ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ اس کا طریقہ کار کیا ہو گا؟ تو خالد عباس نےبتایا کہ ’ایک تو ہمارے دفاتر اب ویسے ہی 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں جہاں حج پر جانے والوں کے لیے اب الگ سے کاؤنٹر لگا دیا گیا ہے۔ جو بھی شخص حج پر جانا چاہتا ہے وہ اس بات کا ثبوت لے کر آئے جیسا کہ درخواست اور اس کی جمع کروانے کی رسید اور دیگر شواہد، کاغذات کی ویریفیکیشن کے بعد ان کو ترجیحی کاونٹر پر بھیج دیا جائے گا۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ’ترجیحی کاؤنٹر پر ان کے پاسپورٹ سے متعلق درخواست کے کوائف مکمل کرنے کے بعد وہ اسی وقت اسلام آباد ہیڈکوارٹر ارسال کر دیے جائیں گے اور وہاں بھی انہیں اسی وقت پرنٹ کر دیا جائے گا۔ یہ سہولت پاسپورٹ ری نیو کروانے والوں کو بھی حاصل ہو گی۔‘
پاسپورٹ حکام کے مطابق ’حج پر جانے والوں کی سہولت پاکستان سمیت دنیا کے ان تمام ممالک میں بھی دستیاب ہے جہاں پہلے بھی پاسپورٹ کی تجدید کی درخواستیں دی جاتی ہیں۔ وہاں بھی یہ کام ایسے ہی ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔‘
دوسری طرف پاکستان میں سرکاری حج 2025 کے لیے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز 18 نومبر سے کر دیا گیا ہے۔ حج درخواست جمع کروانے کے لیے دولاکھ روپے کی فیس جمع کروانا ہو گی۔
وزارت حج کے مطابق حج فیس کی بقیہ رقم قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی۔ یکم تا 10 فروری تک بقیہ حج واجبات جمع لازمی کروانا ہوں گے۔ اس مرتبہ سرکاری حج کا کوٹہ 89 ہزار 605 مختص کیا گیا ہے۔
اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سپانسرشپ سکیم کی پانچ ہزار نشستیں رکھی گئی ہیں تاہم بیرون ملک سے ادائیگی ڈالرز میں اور یکمشت کرنا ہو گی۔ وزارت حج کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بینکوں کی سینکڑوں برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست ڈیجیٹل طریقے سے مانیٹر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حج 2025 کے لیے خواتین بغیر محرم کے بھی سفر کر سکیں گی تاہم 12 سال سے کم عمر بچے لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔