اینزائٹی کا مطلب ہے تشویش یا فکر مندی. اندرونی بےچینی کے سبب ذہنی خلفشار اور مختلف طبی مسائل اینزائٹی سے دوچار کرنے کا سبب بنتے ہیں . تحقیقات کے مطابق خواتین میں اینزائٹی میں مبتلا ہونے کی شرح مردوں سے دگنی ہے . اسکی بہت سی وجوہات ہیں جسکا بنیادی سبب معاشرے کے دہرے معیار اور سماجی مسائل ہیں .اگر اینزائٹی کی علامات کی بات کی جائے تو اینزائٹی سے متاثرہ افراد سماجی تقریبات، میل جول اور اور گھومنے پھرنے میں انتہائی پریشانی اوردقت محسوس کرتے ہیں اور نتیجتاً اپنے آپ کو تنہا کرلیتے ہیں . وہ اکثر خوف اور جنون کے امراض میں مبتلا ہو جاتے ہیں . غیر معمولی پریشانی، سونےمیں دشواری ، غیر محفوظ رہنے کاخوف اور خیالات ، جسمانی بیماریوں کا شکار ہونا اور ڈراؤنے خواب دیکھنا اینزائٹی کی علامات ہیں .
اینزائٹی کو کنٹرول کرنے کے لیے مضبوط قوت ارادی کی ضرورت ہے . ہر قسم کے حالات پر قابو پانا اور ہر قسم کی تبدیلی اور مشکلات کا ہمت سے مقابلہ کر کے آپ اپنی شخصیت سے منفی پن ختم کرسکتے ہیں . گھبراہٹ اور خوف میں خود کو پرسکون رکھیں . گھبرانے ، معاملات میں الجھنے اور ہاتھ پاؤں پھلانے کے بجائے دل و دماغ کو پرسکون رکھیں اور معاملات کے حل پر توجہ مرکوز کریں . ٹینشن اور کنفیوژن کی صورت میں اپنی باڈی لینگویج کو مثبت رکھنے کی کو شش کریں . سر کھجانے ، کپڑے سمیٹنے ، بار بار بال درست کرنے اور دیگر ایسی حرکات جو گھبراہٹ کی نشاندہی کرتی ہوں ، سے احتراز کریں . اپنے ارتکاز کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں اور ہمت اور حوصلے کو مجتمع رکھیں . یہ چیزیں ہر قدم پرآپ کوپریشانی سے بچانے میں مدد دیں گی .