بلاول کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی بننے کی پیشکش؟
اسلام آباد.. تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کی پیشکش کی ہے۔ پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں حکومتی نشستوں سے ایک وفاقی وزیر نے بلاول کو پی اے سی کی چیئرمین شپ کی پیشکش کی۔اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ بلاول بھٹو نے مسکراتے ہوئے پیشکش مسترد کردی اور کہا کہ اس معاملے پر اپوزیشن کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے۔ پی پی پی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے ٹوئٹ کیا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے پھر سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا اور پی اے سی کے چیئرمین شپ کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔منتخب حکومت اپوزیشن کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کے لئے وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں حکومتی جماعت کی طرف سے خواجہ آصف اور بلاول بھٹو کے نام پیش کئے گئے تھے عمران خان نے خواجہ آصف کا نام مسترد کردیا تھا ۔