Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال ٹیسٹ : انگلینڈ نے سری لنکا کو 211رنز سے ہرادیا

گال:انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں211رنز سے شکست دے کرسیریز میں برتری حاصل کر لی ۔ میچ میں فتح کیلئے 462رنز کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں250رنز ہی بنا سکی ۔انگلش اسپنرز ایک مرتبہ پھر میزبان ٹیم کیلئے مسئلہ بنے اور اس کے بیٹسمین پہلی اننگز کی طرح ایک مرتبہ پھر معین علی، جیک لیچ اور عادل راشد کے سامنے نہیں ٹھہر پائے ۔ معین علی نے 4اور جیک لیچ نے 3وکٹیں لیں۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے بین فوکس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے۔ سری لنکن ٹیم نے تیسرے دن کے اسکور15رنز پر دوبارہ دوسری اننگز شروع کی تو 51رنز پر اس کی پہلی وکٹ گری جب کوشل سلوا30رنز جیک لیچ کا نشانہ بنے۔اس کے بعد میزبان ٹیم کی وکٹیں مختصر اور طویل وقفوں سے گرتی رہیں۔ کوشل مینڈس اور سابق کپتان اینجلو میتھیوز نے بالترتیب45اور53رنز بنا کر شکست کو کچھ دیر کیلئے ٹالنے کی کوشش کی لیکن باقی کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی ان کی وکٹ پر زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 85.1اوورز میں250رنز پر ڈھیر ہو کر 211رنز کی بڑی شکست سے دوچار ہوگئی ۔ کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے مایہ ناز آف اسپنر رنگانا ہیرتھ آوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جنہیں 5کے انفرادی اسکور پر وکٹ کیپر نے رن آوٹ کیا۔انگلینڈ کے اسپنرمعین علی نے دونوں اننگز میں4،4وکٹیں لیں اور کامیاب بولر رہے ۔کیریئر کا 53واں میچ کھیلنے والے معین علی کی ٹیسٹ وکٹوں کی مجموعی تعداد 153ہو گئی ہے ۔ 3کھلاڑیوں کو جیک لیچ اور ایک، ایک کو عادل راشد اور بین اسٹوکس نے آوٹ کیا ۔ اس فتح سے انگلینڈ نے2میچوں کی سیریز میں1-0کی برتری حاصل کر لی ہے۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 14نومبر سے پالے کیلے میں کھیلا جائے گا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: