Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوگی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ناموں کی تبدیلی کرا رہے ہیں، بی جے پی رہنما

لکھنؤ۔۔۔بی جے پی حکومت پر اکثر حملہ کرنے والے اوم پرکاش راج بھر نے یوپی کے شہرو ں کے نام تبدیل کرنے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ یوگی پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت پسماندہ اقوام کی توجہ بٹانے کے لیے شہروں کا نام بدلنے کا ڈرامہ کررہی ہے۔ راج بھر نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت پہلے اپنے 3مسلم لیڈروں شہنواز حسین ، مرکزی وزیر مختار عباس نقوی،اور ریاستی وزیر محسن رضا کا نام تبدیل کرے۔اس کے بعد شہروں کا رخ کرے۔ راج بھرنے الٰہ آباد اور فیض آباد کا نام یوگی حکومت کے ذریعہ تبدیل کیے جانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ مغل حکمراں غاصب ، جارح اور لٹیرے نہیں تھے ۔انھوں نے ہندوستان آکر بہت سے لوگوں کی طرح یہاں بس گئے اور ہندستان کو اپنا گھر بنا لیا۔ انھوں نے کبھی اپنا رشتہ ان ملکوں سے نہیں جوڑا جہاں سے ان کے آبائو اجداد آئے تھے۔ وہ سب اپنے آپ کو ہندستانی سمجھتے تھے ۔راج بھر نے کہا کہ مسلمانوں نے ہندوستان میں تعمیرات کا جو کام کیا ہے وہ کسی اور نے نہیں کیا۔ الٰہ آباد اور فیض آباد کا نام صرف اس لیے بدل دینا کیونکہ وہ مغلوں کے طرز پر ہیں سراسر غلط اور تنگ نظری ہے ۔  جب بھی دبے کچلے عوام اپنی آواز اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں بی جے پی کوئی نہ کوئی نیا راگ چھیڑ دیتی ہے۔راج بھر نے بی جے پی سے سوال کیا کہ لال قلعہ اور تاج محل کس نے تعمیر کرایا ہے۔ 

شیئر: