باپ کی حیوانیت، 3بیٹیوں کو ہتھوڑا مار کر ہلاک کردیا
للت پور۔۔۔اتر پردیش کے ضلع للت پور کے ویر پور گاؤں میں شقی القلب باپ نے 3بیٹیوں کو ہتھوڑامارکرہلاک کردیا۔پڑوسیوں نے بتایا کہ قاتل باپ چھیدو کشواہا منگل کی صبح گھر میں سوئی ہوئی تینوں بیٹیوں انجلی، رادھیکا اور وشاکھا پر ہتھوڑے سے پے درپے وار کرکے موت کی نیند سلادیا۔بعد ازاں تینوں بیٹیوں کے جسم پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگادی۔گھر میں لگی ہوئی آگ دیکھ کر پڑوسی دوڑ پڑے اور باپ کو پکڑ کر رسیوں سے باندھ دیا۔ذرائع کے مطابق 2بیٹیوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ تیسری بیٹی ضلع اسپتال میں علاج کے دوران زخموں کا تاب نہ لاکر چل بسی۔اطلاع ملتے ہی ایس پی او پی سنگھ اور ایڈیشنل ایس پی اودھیش کمار وجیتا ، سی او سٹی ہمانشو گورو جائے وقوعہ پر پہنچ کر باپ کو گرفتار کرلیا۔ایس پی نے بتایا کہ 2دن قبل بھی ملزم چھیدو نے اپنے اہلیہ کو زدوکوب کیا تھا ۔ چھیدو کی 5بیٹیاں تھیں ۔ گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر اہلیہ 2بیٹیوں کو لیکر اپنے میکے بیلاری چلی گئی تھی جس سے وہ ذہنی تناؤ کا شکار تھا ۔