14ویں ہاکی ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
لاہور:انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے 14ویں ہاکی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ۔میگا ایونٹ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 16 دسمبر تک ہند کے شہر بھونیشور میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔ لاہور میں دو روزہ ٹرائلز کے بعد چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی نے ساتھی سلیکٹرز ایاز محمود، قاسم خان اور مصدق حسین سے مشاورت کے بعد ہاکی ورلڈکپ کیلئے 18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔ ٹیم کی قیادت رضوان سینئر کریں گے۔ رضوان جونیئر کی جگہ راشد محمود کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اعلان کردہ ٹیم میں مظہر عباس ، عمران بٹ،عرفان سینئر، مبشرعلی، علیم بلال، فیصل قادر، عماد بٹ، توثیق ارشد،راشد محمود، تصور عباس، اعجاز احمد، عمر بھٹہ، عرفان جونیئر، رضوان سینئر، علی شان ، ابوبکر، محمد عتیق اور محمد زبیر شامل ہیں۔ فائنل فہرست کرنے سے پہلے ٹیم مینجمنٹ کی بھی رائے بھی لی گئی جبکہ دوسرے روز ہلکی بارش میں بھی ٹرائلز لئے گئے۔یاد رہے 14 ویں میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔پول اے میں ارجنٹائن ، اسپین، نیوزی لینڈ اور فرانس جبکہ پول بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، آئرلینڈ اور چین کی ٹیمیں شامل ہیں۔پول سی بیلجیئم، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور میزبان ہند پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان ٹیم پول ڈی میں ہالینڈ، جرمنی اور ملائیشیا سے مقابلہ کرے گی۔واضح رہے قومی ہاکی ٹیم 8 برس ورلڈکپ میں شرکت کررہی ہے، 2010 میں ہند ہی میں پاکستانی ٹیم نے آخری بار ورلڈ کپ کھیلا تھا اور انتہائی مایوس کن پرفارمنس دی تھی۔ 2014ء میں قومی ٹیم میگا ایونٹ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں